Advertisement

اہل فلسطین و لبنان کے لیے الخدمت کی 19ویں امدادی کھیپ روانہ

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے فلسطینی اور لبنا نی متاثرین جنگ کیلئے امدادی سامان کی 19ویں کھیپ دمشق کے لئے روانہ کردی۔ مرکزی صدرپروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن،نائب صدور ائیر مارشل (ر) ارشد ملک، اعجاز اللہ خان سمیت حکومتی حکام نے غزہ اور لبنان کے متاثرین کیلئے امدادی سامان روانہ کیا جس میں سلیپنگ بیگز، جنریٹرز، چاول، کین فوڈ، خشک دودھ شامل ہے۔
پروفیسر ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خصوصی طیاروں اور بحری جہازوں کے ذریعے امداد ی سامان بھجوا چکے ہیں، غزہ اور لبنان کے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کیلئے امدادی سامان بھجوانے کاسلسلہ جاری رکھیں گے۔غزہ کی چھوٹی سی پٹی میں 405دنوں سے بارود کی بارش ہورہی ہے نہتے عوام پر 70ٹن بارودبرسایاجاچکا ہے کھلے آسمان کے نیچے موجود معصوم بچوں،بزرگوں اورمردوخواتین سمیت 13لاکھ فلسطینی غزہ میں انتہائی کٹھن صورتحال سے گزر رہے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن، پاکستانی عوا م اور اہل خیرکے تعاون سے غزہ اور لبنان کے عوام کیلئے ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے،جنگ کے آغازسے اگلے ہی دن 8اکتوبر2023سے ریسکیواور ریلیف آپریشن کا آغاز کردیا تھا۔ غزہ کے مکینوں کیلئے روزانہ تیارخوراک،صاف پانی،چھوٹے بچوں کیلئے دودھ،خواتین کیلئے ہائی جین کٹس فراہم کی جارہی ہیں۔ طلباء کے لیے غزہ کے اندر الخدمت کے دوٹینٹ سکول بھی ورکنگ کررہے ہیں جہاں بچوں کوتعلیم دی جارہی ہے۔ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ سردی کی شدت بڑھ رہی ہے ایسی صورتحال میں متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، ہم اہل خیرکے تعاون سے مصیبت میں گھرے افراد کوہرممکن امداد فراہم کریں گے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریر، تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔
error: